دعائیں قبول، وزیراعظم کامیاب آپریشن کے بعد ہوش میں آ گئے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) قوم کی دعائیں رنگ لے آئیں لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں وزیر اعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری مکمل۔ وزیراعظم کا آپریشن پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے شروع ہوا جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔ شریف فیملی کے ذرائع کے مطاب اوپن ہارٹ سرجری چوٹی کے تین سرجنز نے کی۔

وزیراعظم نواز شریف کے دل کی پیوند کاری کے لئے ان کی ٹانگ سے رگیں نکالیں گئیں جو بائی پاس میں استعمال ہوئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے دل کی شریانیں بند تھیں جن میں چند سال پہلے سٹنٹ ڈالے گئے تھے تاہم اب سٹنٹ ڈالنے کی گنجائش نہیں تھی۔ آپریشن سے پہلے اور دوران وزیراعظم کا حوصلہ بلند رہا۔ مریم نواز ٹویٹس کے ذریعے آپریشن کی تفصیلات سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتی رہیں۔

مریم نواز نے وزیراعظم کے کامیاب آپریشن پر اللہ رب العزت اور دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا وزیراعظم کامیاب آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل ہو گئے ہیں۔ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہیں آپریشن کامیاب رہا اور وزیراعظم کے 4 بائی پاس ہوئے ہیں۔ فیملی کی طرف سے دعاؤں کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا ڈاکٹروں سے مشورے کے بعد وزیراعظم پاکستان جائیں گے کیونکہ صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ شہباز شریف نے میڈیا اور کارکنوں سے درخواست کی کہ ہسپتال کے باہر اب رش نہیں ہونا چاہیے تاکہ لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔ پاکستان سے وزیراعظم کی صحت بارے روزانہ اطلاع دی جائے گی۔

آپریشن سے پہلے وزیر اعظم نے قرآن پاک کی تلاوت کی پاکستان میں والدہ کو ٹیلی فون کیا اور اپنی صحت سے متعلق بتایا۔ وزیراعظم نے آپریشن تھیٹر جانے سے پہلے شہباز شریف کو پریشان نہ ہونے کی تاکید کی نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں وہ جلد صحتیاب ہو کر وطن واپس جائیں گے۔